سب سے اعلیٰ سب سے ارفع شان رب العالمین ساری تعریفیں ہیں بس شایان رب العالمین

سب سے اعلیٰ سب سے ارفع شان رب العالمین ساری تعریفیں ہیں بس شایان رب العالمین

حفیظ بنارسی


سب سے اعلیٰ سب سے ارفع شان رب العالمین
ساری تعریفیں ہیں بس شایان رب العالمین


ہر طرف ہے اس کی قدرت کا کرشمہ آشکار
ہر جگہ ہے جلوۂ تابان رب العالمین


ہے کشادہ سب کی خاطر اس کا دربار کرم
عام ہے سب کے لئے فیضان رب العالمین


سر وہی ہے جس میں سودا ہو خدائے پاک کا
دل وہی ہے جس میں ہو ارمان رب العالمین


جس کو حاصل ہوگئی پہچان اپنے نفس کی
اس کو حاصل ہوگیا عرفان رب العالمین


ہو نہیں سکتا ادا‘ اس کے کرم کا شکریہ
اس قدر ہم سب پہ ہے احسان رب العالمین


جنت الفردوس کے وارث وہی ہوں گے حفیظؔ
ہیں جو دل سے تابع فرمان رب العالمین

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے