شاہدالوری
چھپائے رکھ مرے عیبوں کو یاستار یااللہ
معاصی سے بچالے مجھ کو یاغفار یااللہ
انہی آنکھوں سے ہوجائے اگر دیدار یااللہ
مرا وجدان بن جائے ترا اقرار یااللہ
رہے ہرایک صورت جیتے جی میری نگاہوں میں
مگر مجھ سے نہ ہو شرک دوئی زنہار یااللہ
کھلی آیات ہیں تیری انہیں پڑھتا رہوں ہر دم
یہ بحروبر، یہ کوہستان، یہ گلزار یااللہ
ادا کرنے نہ پائوں شکر پھر بھی تیری رحمت کا
پڑھوں ایک ایک ذرّے پر جو لاکھوں بار یااللہ
مجھے وہ دولتِ صبروتوکل مرحمت فرما
زمانے بھر میں کہلائوں ترا زر دار یااللہ
ترے محبوبؐ کے در کا بھکاری ہے ترا شاہدؔ
گزارا ہو بفیضِ احمدِؐ مختار یااللہ
0 تبصرے