اشرف علی تھانوی
اے خدائے پاک رحمن و رحیم
قاضی حاجات وہاب و کریم
اے الٰہ العالمیں اے بے نیاز
دین و دنیا میں ہمارے کارساز
ہم ہیں بیکس اور تو بیکس نواز
ہم ہیں ناچار، اور تو ہے چارہ ساز
توہی معبود اور توہی مقصود ہے
تیرے ہی ہاتھوں میں خیر و جود ہے
تو وہ قادر ہے کہ جو چاہے کرے
جس کو چاہے دے جسے چاہے نہ دے
تو وہ داتا ہے کہ دینے کے لئے
در تری رحمت کے ہر دم ہیں کھلے
مانگنا ہم پر کیا ہے تونے فرض
اور سکھا ہم کو دے آدابِ عرض
مانگنے کو بھی ہمیں فرما دیا
مانگنے کا ڈھنگ بھی بتلا دیا
ہر طرف سے ہوکے ہم خوار و تباہ
آپڑے اب تیرے در پر یا الہ
گرچہ یارب ہم سراپا ہیں برے
اب تو لیکن آپڑے در پر ترے
دل میں ہیں لاکھوں امیدیں جلوہ گر
ہاتھ اٹھاتے شرم آتی ہے مگر
تیرے در پر ہاتھ پھیلاتا ہے جو
پاہی لیتا ہے وہ ہر مقصود کو
تو غنی ہے اور ہم ہیں بے نوا
کون پوچھے گا ہمیں تیرے سوا
ہے تو ہی حاجت روائے دو جہاں
ہم ترا در چھوڑ کر جائیں کہاں
صدقہ اپنی عزت و اجلال کا
صدقہ پیغمبر کا، ان کی آل کا
اپنی رحمت ہم پر اب مبذول کر
یہ مناجات اور دعا مقبول کر
0 تبصرے