میرا خدا ، خدائے رحیم و کریم ہے ہر شئے جہاں کی ادنیٰ وہ یکتا عظیم ہے

میرا خدا ، خدائے رحیم و کریم ہے ہر شئے جہاں کی ادنیٰ وہ یکتا عظیم ہے

قاسم ندیم


میرا خدا ، خدائے رحیم و کریم ہے
ہر شئے جہاں کی ادنیٰ وہ یکتا عظیم ہے


معبود کوئی اور سوائے خدا نہیں
دونوں جہاں کو اس نے کیا کیا عطا نہیں
پانی کی چھاگلوں سے فلک یہ بھرا نہیں
ہر اک قدم پہ جانا کہ بس وہ حلیم ہے
میرا خدا ، خدائے رحیم و کریم ہے


اس نے فلک فلک پہ بکھیری ہے کہکشاں
پیدا کیے ہیں جس نے دھنک ، چاندنی ، سماں
اس کی ہی سطوتیں کہیں ظاہر ، کہیں نہاں
ہر شئے کا علم اس کو ، وہی تو علیم ہے
میرا خدا ، خدائے رحیم و کریم ہے


کیوں کر نہ کائنات میں ہو حمد برملا
جس کی نہ ابتدا ہے کوئی اور نہ انتہا
جس نے کھلائیں شاخیں سخن بھی ہزارہا
جس کی عطا سے پھیلی یہ بوئے شمیم ہے
میرا خدا ، خدائے رحیم و کریم ہے


قدرت اسی کی ہے کہ یہ قائم ہیں بحر و بر
تسخیرِ کائنات کے کھولے ہیں اس نے در
اس کے علاوہ دل میں کسی کا رہے نہ ڈر
سب سے قدیم ہے وہی سب کا ندیم ہے
میرا خدا ، خدائے رحیم و کریم ہے


سوکھی ہوں شاخیں یا کہ ہوں سر سبز سے شجر
اس کی ثناء میں ڈوبے ہیں سارے ہی بحر و بر


جاری ہے اس کی حمد لبِ کائنات پر
انعام اس کا سب پہ ہے وہ بس نعیم ہے
میرا خدا ، خدائے رحیم و کریم ہے


خالق ہے سب کا ، سب کا ہی روزی رساں ہے وہ
پیہم کرم ہے ، قادرِ ارض و سماں ہے وہ
سب کو مکاں عطا کیا ، خود لا مکاں ہے وہ
دی اس نے غور و فکر کو عقلِ سلیم ہے
میرا خدا ، خدائے رحیم و کریم ہے


Address: 307/B, Sunrise Building, Deonar Colony, Govandi, Mumbai 400043


ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے