گمرہی کے بُت گِرائے اور چراغاں کردیا رحمتِ عالم نے دنیا کو درخشاں کردیا

گمرہی کے بُت گِرائے اور چراغاں کردیا رحمتِ عالم نے دنیا کو درخشاں کردیا

نعت رسول مقبول ﷺ



گمرہی کے بُت گِرائے اور چراغاں کردیا
رحمتِ عالم نے دنیا کو درخشاں کردیا


آپ کے قدموں کی برکت سے گلِ گلزار ہیں
آپ کی سیرت نے ہر انساں کو انساں کردیا


آپ کی ذاتِ منوّر روشنی کا ہے منار
آپ نے صحرا کو صد رشکِ گلستاں کردیا


جس زمیں پر جہل و وحشت کا مسلسل راج تھا
اُس زمیں پر عِلم کا قائم دبستاں کردیا


راہ کے کانٹے ہٹائے صبر کی تلقین کی
نوعِ انساں کے لیے جینے کا ساماں کردیا


مشکلوں میں مبتلا جو ان کے در پر آگئے
فضلِ رب سے آپ نے مشکل کو آساں کردیا


اُن کی سیرت ہی سے طاہرؔ ہم کو جینا آگیا
آپ نے ہم کو بہم عظمت کا ساماں کردیا


شاعرِ حمد و نعت : طاہرؔحسین سلطانی

ایک تبصرہ شائع کریں

0 تبصرے