خدا داد خاں مونسؔ (اجمیر شریف)
اے خالق ارض وسما
کوئی نہیں معبود بس
تیرے سوا
ارفع ہے تو
اعلیٰ ہے تو
کمتر ہو ں میں برتر ہے تو
اسفل ہوں میں انور ہے تو
اے خالق ارض و سما
تیری ثنا کا حق ادا کیسے کروں
مجھ میں بھلا یہ تاب اور طاقت کہاں
محدود میرا علم ہے
اے بادشاہ جز وکل
عرفان کے تابندہ سورج کی کرن
تخیل کے اونچے تناور پیڑ سے
دل کے دریچے میں
چلی آئے تو میں
جو تری تخلیق ہوں
ننھا کھلونا ہوں ترا
لوح و قلم سے کام لوں
میرا تخیل پاک ہو
میرا قلم بے باک ہو
مذہب کی تفسیریں لکھوں
خوابوں کی تعبیریں لکھوں
الفت کی تحریریں لکھوں
نفرت کا پنجہ موڑ دوں
ٹوٹے دلوں کو جوڑ دوں
اے خالق ارض و سما توفیق دے
تیری نیابت کا ذرا تو حق ادا میں کرسکوں
اے خالق ارض و سما
پھر چین سے میں مرسکوں
0 تبصرے