آفتاب کریمی
بندے ہیں ترے تجھ سے دعا مانگ رہے ہیں
ہم تیرا کرم تیری عطا مانگ رہے ہیں
کچھ حرف دعا طرز دعا خاص عطا کر
ہو جس میں اثر ایسی نوا مانگ رہے ہیں
گونگے تیرے دربار میں ہیں لفظ و معانی
ہے دل کی خبر تجھ کو کہ کیا مانگ رہے ہیں
جس حال میں رکھے وہ رضا تیری مگر ہم
ہرحال میں توفیقِ ثنا مانگ رہے ہیں
دیتے ہیں تجھے واسطہ محبوبؐ کا تیرے
انوارِ شریعت کی قبا مانگ رہے ہیں
تجھ سے جونہیں مانگیں تو پھر جائیں کہاں ہم
قرآن میں جو بھی ہے دعا مانگ رہے ہیں
جو ذکر میں مشغول رکھے ہم کو الٰہی
سانسوں کے لئے ایسی فضا مانگ رہے ہیں
ہر آن منور رہیں اذکار سے سینے
سینوں کے لئے ایسی ضیاء مانگ رہے ہیں
0 تبصرے