ﷺ
شعرِ عقیدتِ نبیﷺ خوب عطا ہوا مجھے
شکر، ہزار شکرِ رب،رزقِ ثنا ملا مجھے
عشقِ مجاز کا طلسم ، جلد ہی محو ہوگیا
شوقِ نوشتِ نعت نے ایسا مزہ دیا مجھے
صرف مُطاع ہیں نبیؐ ان کے سوا کوئی نہیں
راہِ عمل میں چاہیے آپ ﷺ کا نقشِ پا مجھے
حُبِّ نبیﷺ نے کھول دی راہِ نعوت کلک پر
ذکرِ نبیﷺ نے کردیا ، درد سے آشنا مجھے
شوکتِ سنجروسلیم ، جچتی نہیں نگاہ میں
عشقِ بلالؓ دے گیا ایسا اک آئینہ مجھے
بے عملی کا ہے مرض ، اس سے نجات کے لیے
پیرویِ رسولﷺ کی دیدے کوئی دوا مجھے
دعویء عشق کا فقط ایک عِیار ہے ، عمل
عہدِ صحابہء نبیؐ درس یہ دے گیا مجھے
جذبہء خندق و حنین کاش نصیب ہوسکے
طولِ امل کے درد سے چاہیے اب شِفا مجھے
نغمہء عشقِ مصطفٰےﷺ اپنی جگہ عزیزؔ ِ من
بے عملی بناگئی ‘ شیر بساط کا مجھے
عزیزؔ احسن ……
جمعرات: ۷؍رمضان المبارک ۱۴۳۶ھ مطابق: ۲۵؍جون ۲۰۱۵ءتکمیل : جمعۃ المبارک، ۸؍رمضان المبارک ،۱۴۳۶ھ: ۲۶؍جون ۲۰۱۵ء
[email protected]
A-12 ، بلاک 13 ، گلستانِ جوہر، کراچی۔ پوسٹل کوڈ:75290
0 تبصرے