نعت
شاہﷺ کے دربار میں فیضان کی بارش ہوئی
عاصیوں پر بے طرح احسان کی بارش ہوئی
جب طبیعت پر َتکَدُّرْکا ذرا سایہ پڑا
انشراحِ صدر کے سامان کی بارش ہوئی
مدح کے اشعار لکھنے کی سعادت بھی ملی
حرف کی تکریم کے عرفان کی بارش ہوئی
شاہِ طیبہ کی نگاہِ ناز کا صدقہ ملا
نورونکہت کی نرالی شان کی بارش ہوئی
حاضری بارِ دگر چاہی تو کشتِ روح پر
اُنؐکی رحمت کے طفیل ،امکان کی بارش ہوئی
مرشدی قاضی شفیق احمد (رحمۃ اللہ علیہ)٭٭کی یاد آنے لگی
اور کچھ کیفیَّتِ حرمان٭ کی بارش ہوئی
ق
آیہء قرآں سے پایا قلب نے بے حد سکوں
دل پہ کُلُّ مَنْ عَلَیْہَا فَان کی بارش ہوئی
روضہء سرکارﷺ پر اشعار جب لکھے عزیزؔ
فیضِ فَنِّ حضرتِ حسانؓ کی بارش ہوئی
٭اعلان نون میں جائز سمجھتا ہوں۔
٭٭حضرت خواجہ قاضی شفیق احمد فاروقی القادری، چشتی نظامی المدنی قُدِسَ سَرَّہٗ السَّامِیْ جن کی بختِ رسامیں جنت البقیع کی رشکِ فردوس زمین لکھی تھی!
(مسجدِ نبوی شریف میں لکھی گئی۔پاکستان میں رویتِ ہلال کی نسبت سے ۹؍رجب ۱۴۳۶ھ…بدھ :۲۹؍اپریل ۲۰۱۵ء)
عزیزؔ احسن (ڈاکٹر عزیز احسن۔
A-12 ، بلاک 13 ،
گلستانِ جوہر، کراچی۔ پوسٹل کوڈ: 75290 )
email: [email protected]
0 تبصرے